الأربعاء، 26 يوليو 2017

کیا آپ حج پر جانا چاہتے ہیں؟

بسم اللہ الرحمن الرحیم
کیا آپ حج پر جانا چاہتے ہیں؟
عبد الہادی عبد الخالق مدنی              
اگر آپ حج پر جانا چاہتے ہیں تو ایک بار یہ تحریر ضرور پڑھئے۔
1.    آپ کو معلوم ہے کہ حج ایک اہم عبادت ہے ،  آپ کو یقینا یہ بھی معلوم ہونا چاہئے کہ کوئی بھی عبادت اخلاص کے بغیر قابل قبول نہیں لہذا آپ کی سب سے پہلی ذمہ داری یہ ہے کہ آپ اپنے دل میں اخلاص پیدا کریں۔  حج کے ذریعہ اللہ کی رضا مقصود ہو، شہرت وناموری، حاجی صاحب کہلوانے کی خواہش ، معاشرہ میں ایک اہمیت بنانے کا حرص نہ ہو۔
2.    حج کے احکام ومسائل سیکھ لیں کیونکہ جو عمل شریعت کے مطابق نہ ہو وہ اللہ کے یہاں قابل قبول نہیں۔  اگر آپ نے حج کے اعمال رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق ادا کرنے کے بجائے اپنی مرضی اور اپنی خواہش کے مطابق ادا کئے تو ظاہر ہے کہ وہ اعمال بارگاہ الہی میں مردود ٹھہریں گے۔  ایسے ہی علم نہ ہونے کی بنا پر حج میں مختلف قسم کی کوتاہیاں سرزد ہوسکتی ہیں۔ صحیح مسائل نہ جاننے کی صورت میں بعض ایسی غلطیاں  بھی کرسکتے ہیں جن کی بنا پر کوئی کفارہ یا دم یا فدیہ وغیرہ آپ پر لازم آجائے   لہذا حج پر جانے سے پہلے حج کے مسائل سیکھنے میں ہرگز کوتاہی سے کام نہ لیں، پوری دلچسپی اور مستعدی کے ساتھ حج کے مسائل کا علم حاصل کریں۔
3.    حج کے مسائل کے ساتھ ساتھ سفر کے آداب اور اس کے احکام بھی سیکھ لیں تاکہ حج کا سفر آپ کے لئے پوری طرح شریعت پر کاربند ہوکر گزرے اور ایک یادگار وبابرکت سفر ثابت ہو۔ سفر میں شریعت کی جانب سے دی گئی سہولیات اور آسانیاں اور اللہ کی عطاکردہ رخصتوں کا علم حاصل کریں تا کہ مشقتوں سے محفوظ رہیں۔طہارت میں خصوصی طور پر وضو وتیمم نیز موزوں پر مسح اور صلاۃ میں جمع وقصر کے مسائل سیکھ لیں ۔
4.    حج پر جانے سے پہلے اپنے سابقہ گناہوں سے توبہ کرلیں یعنی انھیں ترک کردیں، ان پر شرمندہ ہوں اور دوبارہ ان کی جانب نہ لوٹنے کا پختہ عزم کریں۔  نیز زیادہ سے زیادہ اللہ تعالی سے استغفار کرتے رہیں۔
5.    حج کے لئے حلال مال کا استعمال کریں ، حرام مال سے کیا ہوا حج اللہ پاک کے نزدیک مقبول نہیں ہے۔  حرام کمائی اور حرام غذا دعاؤں کی قبولیت میں  بھی بہت بڑی رکاوٹ ہے لہذا حرام کمائی سے توبہ کریں اور حلال کمائی کا اہتمام کریں۔
6.    یاد رہے کہ حج زندگی میں صرف ایک بار فرض ہے ، اس فریضہ کو اس طرح ادا کریں کہ واقعی معنوں میں اس کے فوائد و ثمرات اور فیوض وبرکات سے پوری طرح مستفید ہوں۔
7.    حج کو جاتے ہوئے ایسے رفقاء سفر کی تلاش کریں جو خیر وبھلائی میں آپ کے مددگار ثابت ہوں، نیکیوں پر خود گامزن اور نیکیوں کا حکم دینے والے ہوں ، اسی طرح برائیوں سے خود دور اور برائیوں سے روکنے والے ہوں۔ عطر فروش جیسے ساتھی ہوں کہ اگر آپ ان سے عطر نہ بھی خریدیں یا وہ آپ کو عطر تحفہ میں نہ بھی دیں تو بھی آپ ان کی خوشبو سے لطف اندوز ہوتے رہیں۔  ایسے ساتھی نہ ہوں جو خود بھی برائیوں کے مرتکب ہوں اور آپ کے لئے بھی خطرے کا باعث ہوں،ان کی جانب سے  ہمیشہ یہ اندیشہ لگا رہے کہ کہیں  آپ ان کے شر سے کسی مصیبت کا شکار نہ ہوجائیں۔
8.    حج کے دوران کوئی بھی عمل دیکھا دیکھی کی بنا پر ہرگز نہ کریں، جب تک آپ کسی عمل کی مشروعیت نہ معلوم کرلیں تب تک اسے انجام نہ دیں  ورنہ بہت ساری بدعات وخرافات کا شکار ہوسکتے ہیں۔  کسی مسئلہ کو نہ جاننے کی صورت میں کسی ایرے غیرے سے سوال کرنے کے بجائے معتبر علماء دین سے سوال کریں ۔
9.    حج کے دوران ہر قسم کے لڑائی جھگڑے سے پرہیز کریں، صبر وتحمل اور برداشت سے کام لیں۔   کسی کی اذیت رسانی کا سبب ہرگز  نہ بنیں۔   طواف، سعی، وقوف عرفہ و مزدلفہ و منی  کے دوران بھیڑ بھاڑ کرنے اور لوگوں کی تکلیف کا سبب بننے سے بچیں۔
10.           خواتین سے جہاں تک ممکن ہو دوری بنا کے رکھیں، ان سے ٹکرانے اور ان کے جسم سے جسم چھوجانے کی نوبت نہ آنے دیں،  بھیڑ بھاڑ والی جگہوں میں مثلا طواف وسعی کے دوران خصوصی احتیاط سے کام لیں۔
11.           ایام حج میں فضول وقت گزاری سے پرہیز کریں ۔ اپنے اوقات کو ایسے اعمال میں صرف کریں جن سے اللہ کی رضا اور خوشنودی حاصل ہو ، ذکر وتلاوت،  توبہ واستغفار، تکبیر وتہلیل، تسبیح وتحمید وغیرہ میں اپنے آپ کو مشغول رکھیں۔
12.           یاد رکھیں کہ مکہ مکرمہ اور مقامات حج انتہائی مقدس ومبارک ہیں ، کوئی ایسا کام ہرگز نہ کریں جو ان مقامات کے حرمت وتقدس کے منافی ہو، یہاں جس طرح نیکیوں کا ثواب زیادہ ہے اسی طرح گناہوں پر گرفت بھی شدید ہے۔
13.           حج کا وقت تعلیم ودعوت اور امر بالمعروف  و نہی عن المنکر کا بہترین موقع ہے۔  حسب استطاعت یہ کام بھی انجام دیں البتہ فضول بحث ومباحثہ اور لغو نیز غیر سنجیدہ گفتگو سے اجتناب کریں۔

اللہ آپ کا حامی وناصر ہو، آپ کی حفاظت فرمائے، آپ کو پورے سکون واطمینان کے ساتھ حج کی تکمیل کی توفیق ارزانی کرے،  آپ کا حج مبرور ومقبول بنائے، آپ کی مستقبل کی زندگی ماضی کی بہ نسبت خوب تر اور پاکیزہ بنائے۔ آمین